اسلام پور میں انٹرنیشنل_سیمینار کی تیاریاں زوروں پر
اسلام پور: آج کی اس مادہ پرست اور سرمایہ دارانہ نظام پر مشتمل دنیا میں کچھ لوگ انتہائی مال دار ہوگئے ہیں تو دنیا کی بڑی آبادی خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ہندوستان میں یہ صورت حال کچھ زیادہ ہی ہے۔ یہاں امیر دن بدن اور زیادہ امیر بنتا جا رہا ہے اور غریب کسمپرسی اور استحصالی صورت حال سے دوچار ہے اور خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تو ایک بڑی تعداد ہے۔ایسے عالم میں ہندوستانی معاشرہ کو سماجی خدمت کی کتنی ضرورت ہے وہ کسی سے مخفی نہیں ۔ انہیں باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے شمس العلماء فاؤنڈیشن اسلام پور ” اسلام اور خدمت خلق ” کے موضوع پر ایک عالمی سیمینار کا انعقاد کررہا ہے۔ اس سیمینار کا مقصد لوگوں میں یہ بیداری پیدا کرنا ہے کہ ہم خدمت خلق کو ایک بڑی ضرورت اور کار ثواب سمجھیں اور عملی اقدام بھی کریں۔اس کے ساتھ اس سیمینار سے دنیا کے سامنے خدمت خلق کے حوالے سے اسلام کا سماجی نظریہ بھی سامنے لانا ہے۔ سیمینار کی تاریخ 19/مارچ 2017 بروز اتوار ہے اور یہ سیمینار سریا سین منچ نزد بی ڈی او آفس اسلام پور میں منعقد ہورہا ہے۔ سیمینار صبح 10بجے سے 2 بجے دن تک ہوگا۔سیمینار میں ملک و بیرون ملک سے کثیر تعداد میں اسلامی اسکالرز، پروفیسرز،اکابر علما و صوفیا، سماجی خدمت گاران اور دانشوران تشریف لا رہے ہیں۔خاص طور سے ایس او فاؤنڈیشن اور انٹرنیشنل لرننگ موومنٹ کے چیف اینڈ فاؤنڈر سید ظفر اقبال صاحب، ڈاکٹر امتیاز پٹیل اور محترم مارٹین انگلینڈ سے تشریف لا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ فقیہ النفس مفتی مطیع الرحمن مضطر، پروفیسر سید شمیم الدین منعمی،علامہ توصیف رضا خاں، ڈاکٹر سجاد عالم مصباحی،ڈاکٹر محمد شہباز عالم مصباحی، مولانا سید اسلم میاں وامقی، مولانا سید ذوالفقار احمد اور حضرت قیام الدین عظمتی بھی تشریف لائیں گے۔ علاقائی ارباب علم ودانش اور دینی وملی اور سیاسی و سماجی نمائندگان بھی اپنی شرکت سے سیمینار کی رونق میں اضافہ کریں گے۔ یہ خبر انٹرنیشنل سیمینار کے آرگنائزر مولانا جمیل اختر اشرفی اور کنوینر مولانا تنویر احمد مصباحی نے مشترکہ طور پر دی۔سیمینار کے لیے علاقائی لوگوں میں کافی جذبات دکھنے میں آ رہے ہیں کیونکہ اسلام پور واطراف میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا ملی و سماجی سیمینار ہے۔سیمینار کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔