مَوتُ الْعالِم مَوتُ العالَم
استاذ گرامی حضرت مولانا اعجاز احمد صاحب قبلہ مصباحی (ولادت:15جون،1940ء)بتاریخ27جولائی ،2017ءبروز جمعرات شام ساڑھے چھ بجے رحلت فرما گئے۔آپ اتر پردیش کے معروف علمی قصبہ مبارک پور کے رہنے والے تھے اور ہندوستان کی مرکزی سنی دانش گاہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے نہایت ہی قدیم اور سینئر استاذ تھے۔انتہائی خلیق، ملنسار، شریف النفس،متواضع، بے لوث، بالکل ہی بے ضرر، نہایت ہی دیانت دار، اصول پسند اور اعلی علمی،تدریسی اور اضافی صلاحیتوں کے حامل مردِ دین۔اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے مطلب اور انہماک اور اس دوران ایک لمحہ بھی ضائع کرنا پسند نہیں۔آپ نے اشرفیہ میں ملازمت کا آغاز یکم دسمبر 1973ءسے کیا۔تب سے تا وفات اشرفیہ ہی میں رہے اور اِس ”باغ فردوس“ کی بہاروں میں اضافہ در اضافہ کیا۔آپ جامعہ اشرفیہ میں مختلف فنون کی کتابیں پڑھاتے تھے۔2003ءمیں ہمیں بھی آپ سے شیخ محمد بن عبد اللہ خطیب تبریزی (متوفی:741ھ)کی مشہور کتابِ حدیث ”مشکوة المصابیح“پڑھنے کا شرف حاصل ہوا۔آپ نہایت ہی سنجیدگی اور متانت کے ساتھ حدیث کی تعلیم دیتے تھے،درس حدیث کے پورے آداب ملحوظ رکھتے تھے اوربہت ہی جامع انداز میں احادیث کا شُستہ ...