اسلام پور میں قومی و ملی سیمینار کی تیاریاں مکمل
شہر اسلام پور(اتر دیناج پور، مغربی بنگال) کی سرزمین پر ایک نہایت ہی انقلاب آفریں و منفرد الشان یک روزہ ”قومی وملی سیمینار“ بتاریخ 08؍اپریل،2018ء، بروز اتوار،صبح08:00بجے سے 02:00بجے دن تک عظیم پیمانے پر منعقد ہورہاہے جس میں شمالی بنگال و سیمانچل کے بابصیرت ذمہ دار علماء،اصحابِ قلم وصحافت، پروفیسرز،ماسٹرز، وکلاء، ڈاکٹرز،سماجی کارکنان اور دیگرارباب فکر شرکت کررہے ہیں۔خاص طور سے سیمینار کی صدارت اور سیمینار میں خصوصی خطاب کے لیے” آل انڈیاعلماءو مشائخ بورڈ “اور”ورلڈ صوفی فارم“، نئی دہلی کے بانی و قومی صدر تاج المفکرین، قائد اہلِ سنت،گل گلزار اشرفیت ،شہزادۂ شیخ اعظم ،فضیلۃالشیخ حضرت علامہ الحاج سید شاہ محمد اشرف میاںصاحب قبلہ(علیگ) کچھوچھوی تشریف لارہے ہیں جن کا خطاب موجودہ حالات کے تناظر میں کسی نسخۂ کیمیا سے کم نہیں۔ سیمینار میں مدعو دیگر خطباءشمالی بنگال و سیمانچل کے حوالے سے ان دونوں پسماندہ ، پریشان حال اورغربت زدہ خطوں کی ہمہ جہت ترقی کی منصوبہ بندی کے لیے تعلیمی، سماجی، معاشی، زراعتی،دینی، دعوتی، اصلاحی، روحانی، اخلاقی، انقلابی،فکری و تعمیری اور قومی وملی جیسے نہایت اہم و ضروری موضوعات پر اپنا قیمتی خطاب پیش کریں گے۔سیمینار کے کنوینر ڈاکٹر مولانا محمد شہباز عالم مصباحی ، مولانا محمد رفیق عالم اشرفی اور دیگر ذمہ دارانِ سیمینار نے گزارش کی ہے کہ سیمینار کے شائقین و سامعین 08 ؍اپریل،2018ء، اتوار کے دن منعقد اس انقلاب آفرین و منفرد الشان سیمینار میں اپنے احباب و حضرات کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعداد میںضرور شرکت کریں اور خطباءکے بیانات سے مستفید ہوکر علاقہ اور ملک کی ہمہ جہت ترقی میں حصہ لیں اوراپنی قومی و ملی بیداری کا ثبوت دیں ۔یہ سیمینارآل انڈیا علماءومشائخ بورڈ (شمالی بنگال وسیمانچل برانچ)کے زیر انتظام وانصرام سوریا سین منچ ،نزد بی ڈی او آفس،اسلام پور(ضلع اتر دیناج پور، مغربی بنگال) میں منعقد ہوگا۔